احوال و کوائف

دارالعلوم دیوبند کی مجلس عاملہ کا اجلاس

 

از: محمد اللہ قاسمی‏، شعبہ انٹرنیٹ‏، دارالعلوم دیوبند

 

۵/جمادی الثانیہ ۱۴۳۸ھ مطابق ۵/مارچ ۲۰۱۷/ بروز اتوار مجلس عاملہ دارالعلوم دیوبند کا اجلاس ہوا، جس میں ضروری انتظامی فیصلے کیے گئے، اجلاس میں حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی صاحب مہتمم دارالعلوم دیوبند، حضرت مولانا مفتی محمد سعید احمد صاحب پالن پوری صدرالمدرسین دارالعلوم دیوبند کے علاوہ درج ذیل ارکان نے شرکت فرمائی، حضرت مولانا غلام محمد وستانوی صاحب، حضرت مولانا بدرالدین اجمل صاحب، حضرت مولانا رحمت اللہ میر صاحب، حضرت مولانا ملک محمد ابراہیم صاحب، حضرت مولانا انورالرحمن صاحب۔

رابطہٴ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند کی مجلس عاملہ کا کل ہند اجلاس

۶/جمادی الثانیہ ۱۴۳۸ھ مطابق ۶/مارچ ۲۰۱۷/ بروز پیر رابطہٴ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند کی مجلس عاملہ کا کل ہند اجلاس، دارالعلوم دیوبند میں منعقد ہوا، جس میں ملک کے مختلف صوبوں سے مجلس عاملہ کے ارکان اور مدعوین خصوصی شریک ہوئے۔

اجلاس کی دو نشستیں ہوئیں، جن میں تحفظ شریعت، تحفظ مدارس، نظامِ تعلیم وتربیت میں استحکام، رابطہ کی صوبائی شاخوں کی ترقی وغیرہ امور سے متعلق اجتماعی غور وخوض کے بعد اہم فیصلے کیے گئے، طے کیا گیا کہ تحفظِ شریعت اور مسلم پرسنل لا سے متعلقہ مسائل کے سلسلے میں علماء اور عوام میں بیداری پیدا کی جائے، مربوط مدارس کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے طلبہ کے داخلہ کا نظام مستحکم کیا جائے، داخل ہونے والے طلبہ کی مکمل اور درست معلومات رکھی جائیں، امتحان کے نظام کو بہتر بنایا جائے، جن صوبائی صدور نے مجلسِ عاملہ رابطہ کی طے کردہ سابقہ تجویز کے مطابق اپنے صوبوں میں مربوط مدارس کے طلبہ کے اجتماعی امتحان کا نظم اس سال قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے مربوط مدارس اجتماعی امتحان میں مکمل تعاون کریں، اجتماعی امتحان کے آئندہ بہترنتائج اور فوائد حاصل ہوں گے۔

واضح رہے کہ اجلاس کی تفصیلی رپورٹ اسی شمارے میں شاملِ اشاعت ہے۔

$$$

 

-------------------------------------------------

ماہنامہ دارالعلوم ‏، شمارہ4، جلد:101 ‏، رجب 1438 ہجری مطابق اپریل 2017ء